- وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نگر دورے کے موقع پر شاہراہ نگر کے تعمیراتی کام کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ نگر انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی تعمیر سے نگر میں معاشی سرگرمیوں اور سیاحت کو فروغ ملے گا جس سے معاشی طور پر علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس اہم منصوبے کی معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے۔ شاہراہ نگر کا تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے جس کیلئے این ایل سی کو بھی ہدایات دی جائیں گی۔ بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے نگر ہیڈکوارٹر میں سیکریٹری برقیات اور ڈپٹی کمشنر نگر کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگر میں زیر تعمیر بجلی کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کو دور کیا جائے اور تمام منصوبوں کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی ٹائٹ سلیکشن اور فزبلٹی کے ناقص ہونے کی وجہ سے مفاد عامہ کے اکثر منصوبے التواء کا شکار ہوتے ہیں۔ لہٰذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ منصوبوں کی سائٹ سلیکشن اور فزبلٹی زمینی حقائق کے مطابق ہو۔ اسلامی تحریک گلگت بلتستان کو چیئرمین لینڈ ریفارمز کمیٹی امجد ایڈووکیٹ اورایس ایم بی آر کی جانب سے لینڈریفارمز ایکٹ کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہاکہ لینڈریفارمز گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ صوبائی حکومت عوام کے اس مطالبے کو عملی جامعہ پہنائے گی۔ لینڈریفارمز کے ذریعے ناتوڑ رولز اور خالصہ سرکار کو ختم کیا جارہاہے جس کے بعد 100 فیصدزمین کی ملکیت گلگت بلتستان کے عوام کو ملے گی۔ زمین کی تقسیم کار کا اختیار متعلقہ گاؤں کے کمیٹی کو دیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے لینڈریفارمز ایکٹ تیار کیا گیاہے۔ جن لوگوں نے غیر قانونی طور پر زمینوں پر قبضے کئے ہیں ان کے غیر قانونی انتقالات لینڈریفارمز ایکٹ کے تحت ختم ہوں گے اس لئے لینڈ مافیاز لینڈ ریفارمز ایکٹ کی مخالفت کررہے ہیں۔ لینڈ ریفارمز سے لینڈ مافیا کا نقصان اور عوام کو فائدہ ملے گا۔ حکومت عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے گی۔ اگر کوئی مثبت تجاویز دیئے گئے تو ان مثبت تجاویز پر غور کیا جائیگا۔ عوام کے حقوق کا تحفظ ہمارے حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے وفد نے لینڈریفارمز ایکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والا لینڈ ریفارمز ایکٹ عوام کے مفاد میں ہے۔ اس ایکٹ کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو زمینوں کی ملکیت ملے گی جس کی حمایت کرتے ہیں۔ بعدازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نگر سپریم کونسل، پاکستان پیپلز پارٹی نگر اور عمائد ین نگر سمیت مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نگر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ مفاد عامہ کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ٹائم لائنز کا تعین کیا گیا ہے اور محکموں کو پابند بنایا گیا ہے کہ ان ٹائم لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ نگر میں تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔