اہم ترین

صحت کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔وزیر اعلی حاجی گلبر خان

محکمہ صحت کی منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ صحت کے پی ایس ڈی پی منصوبوں کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پی ایس ڈی پی کے میگا منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور کنسلٹنٹ کی نااہلی کی سزا گلگت بلتستان کے عوا م کو نہیں دی جاسکتی، پی ایس ڈی پی کے جن منصوبوں میں پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور کنسلٹنٹ کی نااہلی اور کوتاہی ثابت ہوگی ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ پی ایس ڈی پی میں منصوبوں کے شامل ہونے کے تین سال بعد ایڈمن اپرول کا جاری ہونا متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کی نااہلی ثابت کرتا ہے۔ تمام پی ایس ڈی پی منصوبوں میں مستقل طور پر الگ پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کئے جارہے ہیں جس کیلئے احکامات دیئے گئے ہیں تاکہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی ٹائم لائن پر عملدرآمد اور ان منصوبوں کی معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔ سروس ڈیلوری اور گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے آفیسران کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دینے ہوں گے۔ پی ایس ڈی پی منصوبوں میں ریلیز کو بہتر بنانے اور آئندہ مالی سال میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے جلد وفاقی وزیر خزانہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی سے ملاقات کروں گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے 250بیڈ ہسپتال سکردو کے منصوبے کی رفتار پر اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کے دیگر پی ایس ڈی پی منصوبوں کی نسبت اس پروجیکٹ کی رفتار تسلی بخش ہے۔ مستقبل میں سکردو میں میڈیکل سٹی کا قیام حکومت کا ویژن ہے جس کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ 250 بیڈ ہسپتال سکردو کیلئے درکار انجینئرز کی بھرتیوں کے عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے 300 بیڈ ہسپتال چلاس کی کنسلٹنسی اور پی سی ون کی تیاری میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے کو پروجیکٹ ڈائریکٹر اور کنسلٹنٹ کی نااہلی کی وجہ سے التوا کا شکار ہورہا ہے کنسلٹنسی میں پانچ مہینے کی غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے پی سی ون تیار نہیں ہوا ہے۔ 25 مئی تک اس منصوبے کی کنسلٹنسی کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی اجلاس میں غیرحاضری پر متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کیخلاف انکوائری کے بھی احکامات دیئے۔ کارڈک ہسپتال گلگت کے حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ یہ منصوبہ گلگت بلتستان کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ کارڈک ہسپتال کیلئے درکار مشینری کی خریداری کو شفاف بنانے کیلئے پی وی ایم ایس کے تحت منظور شدہ سپیسی فیکیشنز کو یقینی بنایا جائے۔ کارڈک ہسپتال گلگت میں جدید مشینری کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکریٹری صحت، پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور محکمہ

 

 

 

پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔


کرن قاسم

کرن قاسم گلگت بلتستان کی پہلی ورکنگ خاتون صحافی ہے جو گلگت بلتستان کی خواتین سمیت عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے

متعلقہ مضامین

Back to top button