اسلام آباد : نگران وفاقی حکومت نے ایکنک کے اجلاس میں صحت کارڈ بحالی منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔
اور گلگت بلتستان میں صحت کارڈ کی سہولت جلد میسر ہوگی۔ اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر صحت سید سہیل عباس نے کہا ہے کہ ایکنک کے اجلاس میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے 175 ارب روپے کے نظر ثانی منصوبے کی منظوری دیدی گئی ہے اور اس منصوبے کے تحت ہر شہری کو 10 لاکھ تک کے مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ واضح رہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور وزیر صحت سید سہیل عباس نے گلگت بلتستان میں صحت کارڈ کی سہولت کی معطلی کا معاملہ وفاق میں اعلی سطح پر اٹھایا تھا اور گلگت بلتستان کے ضروتمند مریضوں کیلئے اس سہولت کو دوبارہ سے فعال بنانے کیلئے صدر پاکستان عارف علوی، نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے ملاقاتوں میں صحت سہولت پروگرام دوبارہ سے فعال بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔گلگت بلتستان میں صحت سہولت کارڈ سے 67 ہزار سے زائد مریضوں کیلئے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی تھی اور اب صحت کارڈ دوبارہ فعال ہونے سے ہزاروں مریض صحت سہولت پروگرام سے مستفید ہونگے۔