- ko
گزشتہ دنوں C&WD کے ایک سینئر موسٹ چیف انجینٸر کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کے ناروا سلوک کے خلاف GBEA کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے قلم چھوڑ ہڑتال اور چند مطالبات سامنے رکھے گئے تھے۔
جس کے بعد آج مورخہ 29 اگست 2024 کو سول سیکریٹیریٹ جٹیال میں حکومت اور GBEA کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا جس میں حکومت کی جانب سےایڈیشنل چیف سکریٹری گلگت بلتستان کی سربراہی میں سیکریٹری ہوم اور سیکریٹری C&WD نے شرکت کی جبکہ GBEA کی جانب سے نمائندہ وفد نے ایسوسی ایشن کے عبوری صدر انجینٸر یاور عبّاس کی سربراہی میں مذاکرات میں شرکت کی۔
مذاکرات میں GBEA کے صدر نے اپنے مطالبات حکومتی وفد کے سامنے رکھے جس پر ایڈیشنل چیف سکریٹری گلگت بلتستان نے مثبت ردِعمل دیتے ہوۓ چند مطالبات کو فوری تسلیم اور عمل درآمد کروانے کا وعدہ کیا جبکہ چند مطالبات کی منظوری کو چیف سکریٹری گلگت بلتستان کی اسلام آباد سے واپسی سے مشروط قرار دیتے ہوئے انکی واپسی پر ان کے سامنے پیش کرنے اور عمل درآمد کروانے کا وعدہ کیا۔
حکومتی وفد کی جانب سے رواں ہفتے درپیش سیلابی صورتحال اور اگلے ہفتے اہم سرکاری عہدیداران کے افراد کے متوقع دورہ گلگت بلتستان کے پیش نظر GBEA سے احتجاج اور ہڑتال کو ختم کرنے کی بابت غور کرنے کا بتایا گیا جس پر GBEA کے وفد نے احتجاج اور ہڑتال کو مکمل ختم کرنے سے معذوری کا اظہار کیا تاہم چیف سکریٹری گلگت بلتستان کی گلگت میں عدم موجودگی کے پیش نظر اور بقایا مطالبات کی منظوری سے مشروط اور درپیش ممکنہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے ہڑتال اور احتجاج کو مذاکرات کے دوسرے دور تک موخّر کرنے کا فیصلہ کیا۔
مذاکرات کے بعد صدر GBEA نے اپنے ایک بیان میں گلگت بلتستان کے تمام ملازمین کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں GBEA کے اعلان پر تین دنوں تک ہڑتال کو کامیاب کیا۔