وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا دورہ دبئی کے موقع پر گلگت بلتستان کی جامع ترقیاتی منصوبہ اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بین الاقوامی سرمایہ کاری کنسورشیم (IIC) کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط۔ گلگت بلتستان کے جامع ترقیاتی پلان اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاری کنسورشیم وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے مروجہ قوانین کے تحت گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر، سکردو ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹس میں اضافہ، بجلی کے بڑے منصوبوں کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری، معدنیات، سیاحت سمیت اہم شعبوں کے فروغ کیلئے حکومت گلگت بلتستان کے متعلقہ محکموں کے ساتھ باہمی مشاورت، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے جامع پلان مرتب کرے گا۔ گلگت بلتستان کی ضروریات اور صوبائی حکومت کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ساتھ ان تمام منصوبوں پر کام کرنے کیلئے معاہدے کئے جائیں گے۔ان تمام منصوبوں پر معاہدے کرنے سے قبل صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی اور تمام سٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت گلگت بلتستان سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں معدنیات، سیاحت، پاور، زراعت جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع م واقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کو فعال کیا گیا ہے تاکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کنسورشیم (IIC) جیسے ادارے کے ساتھ گلگت بلتستان کیلئے جامع ترقیاتی پلان مرتب کرنا اور اس پلان پر عملدرآمد کیلئے سرمایہ کاری یقینی بنانے کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط صوبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کنسورشیم (IIC) آئندہ ایک ماہ میں حکومت گلگت بلتستان کو باضابطہ طور پر جامع پلان اور سرمایہ کاری کیلئے تحریری رابطہ کرے گا۔ جس کے بعد متعلقہ محکموں کے ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے کئے جائیں گے۔