قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو بحران سے کیسے نکالا جائے گا؟؟؟
وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ دیا
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور بلتستان یونیورٹی کو درپیش مالی بحران کے حل کیلئے گلگت بلتستان کونسل کے فنڈز سے ایک ارب روپے انڈومنٹ فنڈ زکے قیام کیلئے صوبائی حکومت کو منتقل کرنے کیلئے خصوصی مراسلہ تحریر کیا ہے۔ اس مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی 10ہزار سے زائد طالب علموں کو تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کررہی ہے۔ سال 2018 سے ہائر ایجوکیشن کی جانب سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کیلئے گرانٹ 430 ملین پر جمود کا شکار ہے، جس کی وجہ سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔ اسی طرح بلتستان یونیورسٹی کو بھی آپریشنل اخراجات اور معیار تعلیم برقرار رکھنے میں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ درپیش مالی بحران کی وجہ سے حکومت گلگت بلتستان کو مالی معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ گلگت بلتستان کے طالب علم بلاتعطل اعلیٰ تعلیم جاری رکھ سکیں۔ محدود وسائل کی وجہ سے صوبائی حکومت کو ان دونوں یونیورسٹیز کیلئے مستقل بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کرنا ممکن نہیں۔ لہٰذا بحیثیت چیئرمین گلگت بلتستان کونسل آپ سے گزارش ہے کہ گلگت بلتستان کونسل سے ایک ارب کی رقم قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور بلتستان یونیورسٹی کیلئے انڈومنٹ فنڈز کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کو منتقل کئے جائیں۔