سوست ڈرائی پورٹ سے وابستہ تاجر مسائل کے شکار
وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کی سربراہی میں اہم اجلاس
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سوست ڈرائی پورٹ میں تاجروں کو درپیش مسائل اور بروقت کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے گنجائش سے زیادہ چائنہ سے مال لے کر آنے والے کنٹینرز کی موجودگی سے پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلکٹر کسٹم کی غیر سنجیدگی اور نااہلی کی وجہ سے سوست ڈرائی پورٹ میں مسائل جنم لے رہے ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنا اور پارلیمانی کمیٹی سمیت کسی بھی فورم میں کسٹم کلکٹر کا شرکت نہ کرنا ان کی غیر سنجیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کو کسٹم کلکٹر کی غیر سنجیدگی اور ان کی نااہلی سے پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے خصوصی مراسلہ تحریر کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پاک چین بارڈر کو سال بھر کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن کسٹم کلکٹر کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے چائنہ کاروبار سے منسلک تاجروں کے مشکلات میں اضافہ ہورہاہے اور پاک چین تجارت متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس سے پاکستانی معیشت کو نقصان ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے سوست ڈرائی پورٹ میں کنٹینرز کی کلیئرنس اور تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے صوبائی وزیر داخلہ شمس لون کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ محمد علی قائد، سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر ہنزہ، انچارج این ایل سی سوست ڈرائی پورٹ، ایڈیشنل کلکٹر کسٹم، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر اے این ایف، صدر امپورٹر/ ایکسپورٹ ایسوسی ایشن محمد اقبال اور سابق صدر جی سی سی آئی عمران علی شامل ہیں۔جو آئندہ 15دنوں میں اپنی مکمل سفارشات مرتب کرکے پیش کرے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ شمس لون، معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ محمد علی قائد،سیکریٹری انڈسٹریزاینڈ کامرس، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، این ایل سی کے نمائندے، ڈی آئی جی گلگت ریجن، ڈپٹی کمشنر گلگت، ڈپٹی کمشنر ہنزہ، ایف آئی اے کے نمائندے سمیت دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔