وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سویٹ ہوم گلگت کے بچوں کی بہتری رہائش، خوراک اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے محکمہ سوشل ویلفیئر اور پاکستان بیت المال کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے نادار اور غریب بچوں کی دیکھ بال اور ان کی تعلیم و تربیت کیلئے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان بیت المال اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے مابین دستخط کئے جانے والے مفاہمتی یاداشت کی منظوری صوبائی کابینہ میں دی گئی تھی۔ پہلی مرتبہ سویٹ ہوم کے بچوں کی رہائش کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے تعمیر کئے جانے والا دارالامان کا کچھ حصہ پاکستان بیت المال کو دیا جارہاہے جس میں بچوں کی بہترین رہائش، ان کو اچھا کھانا فراہم کرنا اور ان کی اچھے سکولوں میں تعلیم کی ذمہ داری پاکستان بیت المال کی ہوگی۔ معاشرے کے نادار طبقے کی فلاح و بہبو اور بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر دلشاد بانو اور سیکریٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ دیگر اضلاع میں بھی یتیم بچوں کی پرورش اور تعلیم کیلئے سویٹ ہوم کے منصوبے کو وسعت دی جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان بیت المال اور صوبائی سیکریٹری سوشل ویلفیئر کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے، جس میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر دلشاد بانو، معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ حسین شاہ اور اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔کہ